پاکستان: پرانے ڈیزائن کے تمام کرنسی نوٹ منسوخ، نئے نوٹ جاری کرنے کا فیصلہ
پاکستان نے پرانے ڈیزائن کے تمام کرنسی نوٹوں کو منسوخ کرکے نئے نوٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے
حکومت پاکستان کی جانب سے پرانے ڈیزائن والے تمام کرنسی نوٹوں کو رواں سال میں تیس نومبرتک تبدیل کروانے کی مہلت دی گئی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ یکم دسمبر سے تمام پرانے ڈیزائن کے نوٹوں کی قانونی حیثیت ختم ہوجائے گی۔
وفاقی حکومت کی جانب سے 4 جون کو جاری کردہ گزٹ نوٹیفکیشن کے مطابق یکم دسمبر سے پرانے ڈیزائن کے نوٹوں کی قانونی حیثیت ختم ہوجائے گی اس لئے دس ، پچاس، سو، اورایک ہزار روپے والے نوٹوں کو مرحلہ وار ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پانچ روپے کے نوٹ اور پرانے ڈیزائن والے پانچ سو روپے کے نوٹ کی قانونی حیثیت پہلے ہی ختم کی جاچکی ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق بینکوں سے پرانے ڈیزائن والے نوٹوں کے تبادلے کا آخری دن تیس نومبر دوہزار سولہ ہے۔
ادہراسٹیٹ بینک آف پاکستان نے عالمی شہرت یافتہ سماجی کارکن عبد الستار ایدھی کی یاد میں پچاس روپے کے سکہ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ میڈ یا رپورٹس کے مطابق یہ فیصلہ حکومت کی جانب سے کیا گیا ہے اور وزیراعظم نے اس کی منظور ی دے دی ہے۔ اس سلسلے میں اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ عبدالستار ایدھی کی یاد میں پچاس روپے کے سکہ کے ڈیزائن پر کام شروع کردیا گیا ہے۔