May ۲۱, ۲۰۱۸ ۲۰:۲۶ Asia/Tehran
  •  ایم ایس بیماری کی دوا کی تہران میں تقریب رونمائی

ایران کے دارالحکومت تہران میں خوراک اور دواؤں کی تنظیم کے حکام نیز ایوان صدارت کے سائنس و ٹیکنالوجی کے عہدیداروں کی موجودگی میں ایم ایس بیماری کے دوا کی پروڈکشن لائن کا افتتاح کردیا گیا ہے۔

ایران کی توفیق فارما سیوٹیکل کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر یعقوب حقیقت نیا نے پیر کے روز ریڈیو ٹی وی نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایم ایس یعنی ملٹی کلیروسس کے علاج کی دوا کا تجارتی نشان ایک صیہونی کمپنی کے اختیار میں تھا جس کی بنا پر حیوانیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایران میں بیماروں کے لئے اس دوا کے استعمال کی اجازت نہیں دی جاتی تھی اور ایران میں ایم ایس بیماری میں مبتلا افراد کو یہ دوا فروخت بھی نہیں کی جاتی تھی۔
انھوں نے کہا کہ ایرانی ماہرین، برسوں کی انتھک کوششوں کے بعد اس دوا کو تیار کرنے میں کامیاب ہو گئے اور اب یہ دوا ایران میں وسیع پیمانے پر تیار کی جا رہی ہے۔
یعقوب حقیقت نیا نے کہا کہ ایرانی ماہرین نے ایم ایس کی دوا بنا کر دنیا میں اس دوا پر اسرائیل کی اجارہ داری کو ختم کر دیا اور پہلے مرحلے میں یہ دوا ترکی برآمد کی جائے گی۔
واضح رہے کہ ایم ایس، انسان کو بالکل ناتواں بنا دینے والی ایک بڑی بیماری ہے کہ جس میں انسانی دماغ اور اعصاب متاثر ہوتے ہیں جس کے بعد انسان کا اپنے اوپر سے کنٹرول ختم ہو جاتا ہے اور انسان دیکھنے، سننے اور سمجھنے کی صلاحیت سے محروم اور اس کا بدن بالکل مفلوج ہو جاتا ہے۔

ٹیگس