Oct ۲۰, ۲۰۱۸ ۱۷:۳۰ Asia/Tehran
  • ریل کے راستے پاکستان کے لئے ایرانی مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ

ایران کے شہر زاہدان سے پاکستان کے شہر کوئٹہ تک ریل کے راستے مختلف اشیا اور مصنوعات کی برآمدات میں گذشتہ چھے مہینے کے دوران پچھلے برس اسی مدت کے مقابلے میں چالیس فیصد سے زائد اضافہ ہوا ہے۔

ایران کے جنوب مشرقی ریلوے کے ڈائریکٹر جنرل مجید ارجونی نے بتایا کہ گذشتہ چھے مہینے کے دوران اکیس ہزار ٹن سے زائد  اشیا اور دیگر سامان ایران کے شہر زاہدان سے پاکستان کے شہر کوئٹہ ریل کے راستے منتقل کیا گیا جو گذشتہ برس اسی مدت کے مقابلے میں سینتالیس فیصد زیادہ ہے-

ایران کے جنوب مشرقی ریلوے کے ڈائریکٹرجنرل ارجونی نے کہا کہ سیمینٹ، تارکول، سلفر،  ٹائلس، خرما اور گلاب وہ جملہ ایرانی اشیا و مصنوعات ہیں جو ریل کے راستے پاکستان کو برآمد کی گئیں-

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سے ریل کے راستے درآمد کی جانے والی اشیا میں تل، چاول اور خام سلفر شامل تھے- ان کا کہنا تھا کہ گذشتہ چھے مہینے کے دوران اسّی مال گاڑیوں نے زاہدان اور کوئٹہ کے درمیان سامان کو منتقل کیا-

پاکستان سے ایران متصل ہونے والی ریلوے لائن مشرق و مغرب کے بین الاقوامی کوریڈور میں واقع ہے اور اس سے ہندوستان، پاکستان، ایران، ترکی، یورپ اور وسطی ایشیا سب ایک دوسرے سے متصل ہو گئے ہیں-  

ٹیگس