ایران کے ساتھ اقتصادی لین دین کو فروغ دینے پر ہندوستان کی تاکید
ہندوستان کی وزارت خارجہ نے ایران کے ساتھ چابھار بندرگاہ کے ذریعے اقتصادی لین دین کو فروغ دینے پر تاکید کی ہے۔
ہندوستان کی وزارت خارجہ نے کل اس ملک کی پارلیمنٹ میں اپنی ایک رپورٹ میں کہا کہ دسمبر 2018 سے ایرانی بندرگاہ چابہار سے نقل و حمل (ٹرانزٹ) کی ذمہ داری ہندوستان کی کمپنی انڈیا پورٹس گلوبل نے اٹھا رکھی ہے اور اس وقت سے لے کر اب تک بڑی کامیابی کے ساتھ اس کمپنی نے چابہار پورٹ میں تقریبا 500 ہزار ٹن اشیاء کو حمل کیا ہے۔
ہندوستان کی وزارت خارجہ نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ تہران اور نئی دہلی کے مابین چابھار کے فیز ون ترقیاتی پروجیکٹ پر باہمی تعاون سے کام ہو رہا ہے۔
ہندوستان کی وزارت خارجہ نے اپنی رپورٹ میں امریکی پابندیوں اور چابہار پورٹ کو استثنی دینے کے حوالے سے کہا کہ نئی دہلی نے اس حوالے سے واشنگٹن کے ساتھ گفتگو کی ہے اور امریکہ نے افغانستان کی ضروریات کو پورا کرنے میں چابھار بندرگاہ کے آپریشنل ہونےکی اہمیت کے حوالے سےاطمینان دلایا ہے۔