عالمی شہرت یافتہ ایران کا سیاحتی مقام گنبد سلطانیہ
عالمی شہر ت یافتہ تاریخی اور سیاحتی مقام گنبد سلطانیہ ایران کے شہر زنجان میں واقع ہے۔
ایران کے صوبے زنجان کے نواح میں چھتیس کلومیٹر کے فاصلے پر واقع گنبد سلطانیہ کی اونچائی ساڑھے اڑتالیس میٹر اور اس کا اندرونی قطر ساڑھے پچیس میٹر ہے۔ سلطان محمد خدا بندہ کے حکم سے تعمیر کیا جانے والا یہ نیلا گبند، صحرا میں نگینے کی مانند چمکتا دکھائی دیتا ہے۔ سات سو تین سے سات سو تیر ہ ہجری کے دوران تعمیر کیا جانے والا یہ گنبد سلجوقی دور کے فن تعمیر کا شاہکار ہے۔ اسکی تعمیر میں پکی اینٹوں سے کام لیا گیا ہے اور اس کی بیرونی سطح کو فیروزی اور لاجوردی رنگ کی ابھری ٹائیلوں سے سجایا گیا ہے۔
ایران کے شہر زنجان میں واقع گنبد سلطانیہ ، اٹلی کے سن میری چرچ اور ترکیہ کی ایا صوفیہ مسجد کے بعد دنیا کا تیسرا مشہور گنبد شمار ہوتا ہے۔
گنبد سلطانیہ کو ایران کی تاریخ کا سب سے بڑا اور اینٹوں سے بنا دنیا کا سب سے اونچا گنبد قرار دیا گیا ہے۔
آٹھ ضلعی شکل میں بنے اس عظیم شاہکار میں آٹھ مینار ہیں اور یہ تین حصوں ، گنبدخانہ، تربت خانہ اور تہ خانے پر مشتمل ہے۔