Apr ۰۱, ۲۰۱۸ ۱۶:۰۸ Asia/Tehran
  • 12 فروردین ایران کی عظیم قوم کے حقیقی عزم و ارادے کے اظہار کا دن

ایران کی اسلامی تشہیرات کی کوآرڈینیٹر کونسل نے بارہ فروردین یعنی یوم اسلامی جمہوریہ کی مناسبت سے اعلان کیا ہے کہ بارہ فروردین، عزت و غیرت اسلامی سے متعلق ایران کی عظیم قوم کی حقیقی خواہش اور عزم و ارادے کے اظہار اور اسی طرح مومن و انقلابی عوام کے ہاتھوں ملک کی سرنوشت کے تعین کا دن ہے۔

ایران کے غیور عوام نے انتالیس سال قبل بارہ فروردین سنہ تیرہ سو اٹھاون ہجری شمسی، مطابق یکم اپریل سنہ انّیس سو اناسی عیسوی کو ہونے والے رفرینڈم میں اپنی بابصیرت شرکت کے ساتھ اسلامی جمہوریہ کے حق میں ووٹ دیا اور اسی بنا پر اس دن کو ایران کا یوم اسلامی جمہوریہ قررا دیا گیا۔

ایران کی اسلامی تشہیرات کی کوآرڈینیٹر کونسل نے بارہ فروردین یعنی یوم اسلام جمہوریہ کی مناسبت سے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ یوم اسلامی جمہوریہ تمام میدانوں میں ہم کرسکتے ہیں کے نعرے کو عملی جامہ پہنانے کا دن ہے اور ایرانی عوام، ولایت کے گرد اپنے اتحاد و یکجہتی کا تحفظ نیز اپنی مکمل آگاہی و ذہانت کا مظاہرہ کرتے ہوئے استقلال، آزادی جمہویہ اسلامی اور قومی عزت و وقار اور اسی طرح عدل و انصاف جیسے بنیادی نعروں کو عملی جامہ پہنانے اور اس سلسلے میں عملی طور پر پیش رفت کا سلسلہ جاری رکھنے کے لئے اپنے قومی عزم و ارادے کا اظہار کرتے ہیں۔

اس بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلامی انقلاب کے چالیسویں برس میں، جسے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے ایرانی مصنوعات کی حمایت کا سال قرار دیا ہے، ایرانی عوام ایران کے مقدس اسلامی جمہوری نظام کو اعلی و ارفع مقام پر پہنچانے اور حق و انصاف کی چوٹیاں سر کرنے کے لئے بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے بھی اسی مناسبت سے ایک بیان میں یوم اسلامی جمہوریہ کی قدردانی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی ممتاز بین الاقوامی پوزیشن، علاقائی اثر ورسوخ اور دفاعی توانائی کی بنا پر عالمی صیہونزم، تسلط پسندانہ نظام اور قدامت پسند حکومتوں کی جانب سے اسلامی جمہوریہ ایران سے بغض و حسد نیز دشمنی کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔

ایران کے مومن و انقلابی عوام نے بارہ فروردین کو اپنے ملک کی عزت و وقار اور مستقبل کے تعین کے لئے تاریخ رقم کی ہے۔

ایرانی تاریخ 12 فروردین یعنی یکم اپریل 1979 کی تاریخ انسانیت کی آزادی و حریت پسندانہ مجاہدت کے درخشاں کارنامے میں ایک سنہری باب کا اضافہ کئے جانے سے مناسبت رکھتی ہے جو اپنی نوعیت کے اعتبار سے معاصر تاریخ میں جرأت و بہادری کا ایک عظیم کارنامہ ہے۔

ایرانی عوام نے اسلامی انقلاب کی کامیابی کے ابتدائی دنوں میں اپنے عظیم رہبر و رہنما امام خمینی ( رح) کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے تاریخ ساز ریفرنڈم میں اپنی آگاہانہ شرکت کے ساتھ اسلامی جمہوری نظام حکومت کے حق میں ووٹ دیئے اور اسلامی انقلاب کی کامیابی کے ابتدائی ایام میں ہی پوری دنیا پر اس بات کو واضح کر دیا کہ اپنے ملک کے مستقبل کا فیصلہ وہ خود کریں گے اور کسی کو مداخلت کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔

ایرانی عوام نے تاریخ ساز ریفرنڈم میں شرکت اور اسلامی جمہوری نظام حکومت کا انتخاب کر کے اس بات کو ثابت کر دیا کہ ایران میں اغیار کی مداخلت کا دور اب ہمیشہ کے لئے ختم ہو چکا ہے اور ایرانی قوم اغیار سے رہائی و چھٹکارہ دلانے کے لئے اپنے پختہ عزم و ارادے کے ساتھ اپنے عظیم الشان رہبر و رہنما امام خمینی ( رح ) کی راہ کو جاری رکھے گی۔

ایران کی غیور قوم اس نئے ہجری شمسی سال میں بھی کہ جسے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے ایرانی مصنوعات کی حمایت کا عنوان دیا ہے، اسلامی جمہوریہ ایران کے نظام کی ترقی اور اسے اعلی و ارفع منزل پر پہنچانے اور اسی طرح اسلامی انقلاب کی امنگوں کو پورا کرنے نیز عزت و شرافت کی بلند و بالا چوٹیوں کو سر کرنے کی بھرپور کوشش جاری رکھے گی۔

ٹیگس