Aug ۲۶, ۲۰۱۵ ۱۷:۴۵ Asia/Tehran
  • ہندوستانی ریاست گجرات میں تشدد،
    ہندوستانی ریاست گجرات میں تشدد،

ہندوستان کی ریاست گجرات میں تشدد کے واقعات میں تین افراد کی ہلاکت کے بعد کئی شہروں میں کرفیو لگا دیا گیا ہے-

اطلاعات کے مطابق ہندوستان کی مغربی ریاست گجرات میں ریزرویشن کے مطالبے کے لئے پٹیل برادری کی جاری تحریک کے دوران ہونے والے تشدد میں تین افراد ہلاک ہوگئے ہیں-

 تشدد کے واقعات کے بعد ریاست کے کئی شہروں میں کرفیو لگا دیا گیا ہے-
 احمدآباد، سورت، مہسانا، راج کوٹ اور جام نگر شہروں میں کرفیو لگایا گیا ہے- تین افراد احمد آباد میں ہونے والے تشدد کے واقعات میں ہلاک ہوئے ہیں۔ پولیس کے مطابق دو افراد پولیس فائرنگ میں منگل کی رات ہلاک ہوئے ہیں جبکہ ایک شخص کی لاش پولیس کو احمدآباد شہر کے ایک علاقے سے ملی ہے-

ریاست کے متاثرہ علاقوں میں حالات پر قابو پانے کے لئے نیم فوجی دستے تعینات کردئیے گئے ہیں جبکہ احمد آباد میں فوج طلب کرلی گئی ہے- ریاست کے کئی شہروں میں توڑ پھوڑ اور آتش زنی کے واقعات ہوئے ہیں- اطلاعات کے مطابق مظاہرین نے کئی مقامات پر تقریبا" سو بسوں کو آگ لگادی-

 پٹیل برادری نے ریزرویشن کے مطالبے کے تحت بدھ کو ریاست میں عام ہڑتال کی اپیل کی تھی جس کے دوران تشدد پھوٹ پڑا-
 ادھر وزیر اعظم نریندر مودی نے ریاست میں امن کے قیام کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ ہم سب کو پتہ ہے کہ تشدد سے کبھی کسی کو فائدہ نہیں ہوا ہے-
az26082015

ٹیگس