Sep ۰۲, ۲۰۱۵ ۰۷:۵۱ Asia/Tehran
  • ہندوستانی فوج مختصر اور برق رفتار جنگ کیلئے تیار،جنرل دلبیرسنگھ
    ہندوستانی فوج مختصر اور برق رفتار جنگ کیلئے تیار،جنرل دلبیرسنگھ

ہندوستانی فوج کے سربراہ جنرل دلبیر سنگھ نے کہا ہے کہ ان کا ملک ضرورت پڑنے پراپنی سرحدوں پر جارحانہ فوجی کارروائی کیلئے تیار ہے۔

شن ہوا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق انیس سو پینسٹھ کی ہند پاک جنگ کے بارے میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے جنرل دلبیر سنگھ کا کہنا ہے کہ مستقبل کی جنگیں مختصر اور برق رفتار ہو سکتی ہیں۔انہوں نے جموں و کشمیر میں جنگ بندی کی مبینہ خلاف ورزیوں اور پاکستان کے ساتھ تعلقات کشیدہ ہونے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا موجودہ صورتحال کے پیش نظر نئی دہلی کو ہمہ وقت تیار رہنے کی ضرورت ہے۔

ادھر روزنامہ دی ہندو کے مطابق ہندوستانی فوج کے سربراہ نے بتایا کہ ہمہ وقت انتہائی اعلی درجے کی آپریشنل تیاریاں ہندوستان کی حکمت عملی کا حصہ ہیں کیونکہ مستقبل کی برق رفتار اور مختصر جنگوں کی پیشگی بر وقت اطلاع ملنا آسان نہیں ہو گا۔

ہندوستانی فوج کے سربراہ نے پاکستان کا نام لیے بغیر اس پر جموں و کشمیر میں بدامنی پھیلانے کیلئے نئے ہتھکنڈے استعمال کرنے کا الزام بھی لگایا۔جنرل دلبیر سنگھ کا کہنا تھا کہ مغربی سرحد سےجنگ بندی کی خلاف ورزیاں اور در اندازیوں کی کوششیں بدستور جاری ہیں۔

پاکستان کی جانب سے ہندوستانی فوج کے سربراہ کے بیان پر تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

ٹیگس