Sep ۱۱, ۲۰۱۵ ۱۵:۲۷ Asia/Tehran
  • جنسی زیادتی کا شکار متاثرہ نیپالی خواتین
    جنسی زیادتی کا شکار متاثرہ نیپالی خواتین

ہندوستان میں انسانی حقوق کے کارکنوں نے دو نیپالی خواتین کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے والے سعودی عرب کے سفارت کار کے خلاف مظاہرہ کیا

ارنا کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے دارالحکومت نئی دہلی میں انسانی حقوق کے کارکنوں نے سعودی عرب کے سفارت خانے کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے دو نیپالی خواتین کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے پر مبنی سعودی عرب کے سفارت کار کے اقدام کی مذمت کرتے ہوئے سفارتی استثنیٰ کو ختم کر کے اس پر مقدمہ چلانے کا مطالبہ کیا۔


آل انڈیا ڈیموکریٹک ویمن ایسوسی ایشن کی جنرل سیکریٹری جگمتی سنگوان نے اس مظاہرے میں کہا ہے کہ مجرموں اور جنسی زیادتی کرنے والوں کو سفارتی استثنی حاصل نہیں ہونا چاہئے اور ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جانی چاہئے۔


 ہندوستان کے دار الحکومت نئی دہلی سے ملحق شہر گڑگاؤں کی پولیس نے بتایا ہے کہ سعودی عرب کے ایک سفارت کار کے خلاف دو نیپالی خواتین سے جنسی زیادتی کے معاملے میں تحقیقات ہو رہی ہیں۔ گڑگاؤں پولیس کے جوائنٹ کمشنر سوربھ سنگھ کا کہنا تھا کہ ابھی کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔


تیس اور پچاس برس کی دو نیپالی خواتین نے تھانے میں ایف آئی آر درج کرا دی ہے جس میں انہوں نے موقف اختیار کیا ہے کہ سعودی عرب کے ایک سفارت کار نے انھیں اغوا کیا اور ایک فلیٹ میں ان کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔


گڑگاؤں پولیس کے مطابق ان نیپالی خواتین کا کہنا ہے کہ پہلے انھیں سعودی عرب کے شہر جدہ لے جایا گیا جہاں وہ گھر میں کام کرتی تھیں اور پھر ان کے ساتھ جنسی زیادتی کی گئی اور کچھ دن پہلے ان خواتین کو سعودی عرب سے واپس ہندوستان لایا گیا تھا اور گڑگاؤں کے ایک فلیٹ میں لے جایا گیا جہاں ان کے ساتھ جنسی زیادتی کی گئی۔

 گڑگاؤں پولیس کا کہنا ہے کہ اس فلیٹ کو دہلی میں واقع سعودی عرب کے سفارت خانے نے کرایے پر لیا تھا۔ سعودی عرب کے سفارت خانے نے جنسی زیادتی کے الزام کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔


ٹیگس