داعش کے خلاف جنگ عالمی عزم کی متقاضی ہے، نریندرمودی
Sep ۲۶, ۲۰۱۵ ۱۶:۰۳ Asia/Tehran
ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی نے داعشی دہشت گردی کو دنیا کے لیے سب سے بڑا چیلنج قرار دیا ہے۔
ہندوستان کی وزارت خارجہ کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی نے نیویارک میں اردن کے شاہ عبداللہ دوم سے ملاقات میں کہا کہ داعشی دہشت گردی دنیا کے لیے سب سے بڑا چیلنج ہے اور اس کے سدباب کے لئے بھر پور اقدامات کی ضرورت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کو کسی مذہب سے جوڑنا صحیح نہیں۔
ہندوستان کی وزارت خارجہ کے مطابق اس ملاقات دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ داعش سمیت ہر طرح کی دہشت گردی کے مقابلے کے لئے عالمی عزم پیدا کرنا ضروری ہے۔
ہندوستان کے وزیراعظم اور اردن کے بادشاہ نے اس ملاقات میں اقوام متحدہ کے ڈھانچے میں اصلاح کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم نریندر مودی نے عراق اور شام میں پھنس جانے والے ہندوستانی شہریوں کے انخلا میں مدد فراہم کرنے پر شاہ اردن کا شکریہ ادا کیا۔
اردن کے شاہ عبداللہ دوم نے امان اور نئی دھلی کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ہندوستان کو مستقل رکنیت دیئے جانے کی حمایت کرتا ہے۔