Nov ۰۵, ۲۰۱۵ ۱۹:۱۸ Asia/Tehran
  • حکومت ہندوستان کی جانب سے اپنی غلطیوں کا اعتراف
    حکومت ہندوستان کی جانب سے اپنی غلطیوں کا اعتراف

ہندوستان کی مرکزی حکومت نے ملک میں بڑھتی ہوئی فرقہ پرستی اور عدم رواداری پر کوئی ردعمل نہ دکھانے کے تعلق سے اپنی غلطیوں کا اعتراف کیا ہے-

ہندوستان میں بڑھتی ہوئی فرقہ پرستی اورعدم رواداری اور ساتھ ہی مسلمانوں میں خوف وہراس کا ماحول پیداکئے جانے پرحکومت کی خاموشی پر مختلف حلقوں اور جماعتوں منجملہ کانگریس کی طرف سے حکومت پر شدید تنقید کے بعد مرکزی وزیرپرکاش جاویڈکر نے اس سلسلے میں حکومت کی کوتاہیوں کا اعتراف کیا ہے-

بی جے پی سے تعلق رکھنے والے مرکزی وزیرپرکاش جاویڈ کرنے کہاکہ حکومت کو بروقت اقدام اور اس صورتحال پر اپنا موقف واضح کرنا چاہئے تھا- انہوں نے کہا کہ اب حکومت اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ حقائق کو بروقت عوام تک منتقل کرنا چـاہئے- واضح رہے کہ بی جے پی کی زیرقیادت مرکزی حکومت نے ملک میں وسیع پیمانے پر بڑھتے ہوئے فرقہ وارانہ واقعات پر مختلف حلقوں کی جانب سے اظہار تشویش کے بعد بھی کوئی ردعمل ظاہرنہیں کیا تھا -

دوروزقبل کانگریس پارٹی کی صدر سونیاگاندھی نے پارٹی کے ممبران پارلیمنٹ کے ہمراہ حکومت کے اس روئے کے خلاف پارلیمنٹ سے ایوان صدر تک مارچ کیاتھا اور کہا تھاکہ ملک میں بڑھتی ہوئی فرقہ پرستی اور انتہاپسندی پر وزیراعظم مودی کی خاموشی سے ایسا لگتاہے کہ وہ خود اس صورتحال کے حق میں ہیں - بی جے پی کے مرکزی وزیرپرکاش جاویڈکر نے ایک ٹیلی ویژن انٹرویو میں دادری سانحے کی جس میں ایک مسلمان شخص کو انتہا پسند ہندوؤں نے گائے کا گوشت کھانے کے شبہے میں پیٹ پیٹ کر ہلاک کردیا تھا سخت الفاظ میں مذمت کی -

انہوں نے ساتھ ہی بی جے پی کے ایک لیڈر کیلاش وجے کے ذریعے معروف فلم اداکار شاہرخ خان کوغدارکہنے پر بھی شدید تنقید کی اور کہا کہ کیلاش وجے بی جے پی کے ترجمان نہیں ہیں -

واضح رہے کہ شاہرخ خان نے بعض انتہا پسندہندو تنظیموں کی طرف سے ملک میں نفرت پھیلائے جانے کے اقدامات پر شدید تنقید کی تھی جس پر بی جے پی کے بعض لیڈروں نے شاہرخ خان کو غدار قراردیا تھا -

ٹیگس