ہندوستان: ریاست بہار کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو شکست کا سامنا
Nov ۰۸, ۲۰۱۵ ۱۵:۱۳ Asia/Tehran
ہندوستان کی ریاست بہار میں ووٹوں کی گنتی جاری ہے جس میں مہا گٹھ بندھن یا عظیم اتحاد سب سے آگے ہے۔
اطلاعات کے مطابق ہندوستان کی مشرقی ریاست بہار میں حالیہ ریاستی اسمبلی کے لئے ہونے والے انتخابات کے ووٹوں کی گنتی جاری ہے اور مہا گٹھ بندھن یا عظیم اتحاد بی جے پی سربراہی والے اتحاد این ڈی اے سے بہت آگے چل رہا ہے جس سے نتیش کمار کے پانچویں بار ریاست کے وزیر اعلی بننے کا راستہ صاف ہوتا نظر آ رہا ہے۔بہار میں سولہویں اسمبلی کے لئے بارہ اکتوبر سے پانچ نومبر تک پانچ مراحل میں ووٹ ڈالے گئے تھے اور آج صبح مقامی وقت کے مطابق آٹھ بجے ووٹوں کی گنتی شروع ہوئی۔اب تک کی اطلاعات کے مطابق دو سو چالیس نشستوں کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے جن میں سے عظیم اتحاد کو ایک سو ستتر نشتوں پر کامیابی حاصل ہوئی ہے اور اس کا امیدوار ایک نشست پر آگے ہے جبکہ این ڈی اے کو ستاون نشستوں پر کامیابی ملی ہے اور دو سیٹوں پر اس کے امیدوار ووٹوں کی گنتی میں دیگر امیدواروں سے آگے ہیں۔
ریاست کے اعلی انتخابی افسر اجے وی نائک نے بتایا کہ ریاست کے سبھی ضلعی صدر مقامات پر ووٹوں کی گنتی کے مراکز بنائے گئے ہیں۔ مجموعی طور پر انتالیس مراکز بنائے گئے ہیں جہاں حفاظت کے سخت انتظامات کئےگئے ہیں۔ ووٹ شماری کے مراکز پر نیم فوجی دستوں کو تعینات کیا گیا ہے اور ووٹ شماری کے عمل کی نگرانی کے لئے سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں۔ بہار کی ریاستی اسمبلی کی دو سو تینتالیس نشستیں ہیں۔