Nov ۰۸, ۲۰۱۵ ۱۸:۰۷ Asia/Tehran
  • بی جے پی کو بہار کے اسمبلی انتخابات میں شرم ناک شکست
    بی جے پی کو بہار کے اسمبلی انتخابات میں شرم ناک شکست

ہندوستان کی ریاست بہار میں ہونے والے حالیہ ریاستی انتخابات میں مہا گٹھ بندھن یا عظیم اتحاد نے دو تہائی سے زیادہ اکثریت حاصل کرلی ہے۔

اطلاعات کے مطابق ہندوستان کی مشرقی ریاست بہار میں حالیہ ریاستی اسمبلی انتخابات میں جے ڈی (یو)، آر جے ڈی اور کانگریس کے مہاگٹھ بندھن یا عظیم اتحاد نے دو تہائی سے زیادہ اکثریت حاصل کرلی ہے اور بہار کے موجودہ وزیر اعلی نتیش کمار کا ایک بار پھر ریاست کا وزیر اعلی بننا طے ہے۔ ووٹوں کی گنتی مکمل ہوچکی ہے اور عظیم اتحاد نے ایک سو اٹھتر نشستیں حاصل کی ہیں اور این ڈی اے کو کل اٹھاون نشستیں ملی ہیں جبکہ سات سیٹیں دیگر جماعتوں کو ملی ہیں۔ بہار کی ریاستی اسمبلی کے لئے بارہ اکتوبر سے پانچ نومبر تک پانچ مراحل میں ووٹ ڈالے گئے تھے اور اتوار کی صبح مقامی وقت کے مطابق آٹھ بجے سے ووٹوں کی گنتی شروع ہوئی تھی۔ دریں اثنا بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے کہا ہے کہ یہ بہار کے عزت و وقار کی جیت ہے۔ پٹنہ سے موصولہ رپورٹ کے مطابق عظیم اتحاد کو انتخابات میں ملنے والی زبردست کامیابی کے بعد نتیش کمار نے اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ جیت بہار کے عزت و وقار کی جیت ہے اور یہ کہ جو عوام کی توقع ہے ہم اسی کے مطابق کام کریں گے۔ ادھر کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی نے بہار کے اسمبلی انتخابات میں این ڈی اے کی شکست کو بی جے پی اور آر ایس ایس کے نظریئے کی شکست قرار دیا ہے۔ دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق راہل گاندھی نے کہا کہ اس شکست کے ساتھ ہی وزیر اعظم نریندر مودی کا غرور بھی ٹوٹ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ہندو مسلمان کو لڑواکر الیکشن نہیں جیتا جاسکتا۔


ٹیگس