ہندوستان نے ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کی دعوت قبول کر لی
ہندوستان نے افغانستان کے بارے میں ایک اہم علاقائی کانفرنس میں شرکت کے لیے پاکستان کی دعوت قبول کر لی ہے۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے ایک سفارت کار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ہندوستان اس کانفرنس کی اہمیت کے پیش نظرایک وزیر کی سربراہی میں ایک اعلی رتبہ وفد پاکستان بھیجے گا۔
انھوں نے کہا کہ ہندوستانی حکومت نے وزیر خارجہ سشما سوراج کو اس کانفرنس میں بھیجنے کے بارے میں ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔ ہندوستان کے اس سفارت کار نے اس بات پر زور دیا کہ ہندوستانی وفد کو بھیجنے سے دونوں ملکوں کے درمیان مذاکرات کے عمل کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔
پاکستان نے اتوار کے روز پہلی بار ہندوستان کو ہارٹ آف ایشیا، استنبول کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی ۔ یہ کانفرنس سات اور آٹھ دسمبر کو اسلام آباد میں منعقد ہو گی۔
افغانستان کے حالات کا جائزہ لینے کے لیے یہ کانفرنس پہلی بار دو ہزار گیارہ میں ترکی کے شہر استنبول میں منعقد ہوئی تھی۔