ہندوستان اور نیپال کشیدگی دور کرنے کی کوشش کریں، اقوام متحدہ کا مطالبہ
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے ہندوستان اور نیپال سے کشیدگی ختم کرنے کی اپیل کی ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے نیپال میں غذائی اشیا اور ایندھن کا بحران جاری رہنے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ہندوستان اور نیپال سے کشیدگی ختم کرنے کی اپیل کی ۔
بان کی مون نے ہندوستان اور نیپال سے اپنے اختلافات دور کرنے کی اپیل کرتے ہوئے دونوں ملکوں کی سرحدیں کھولے جانے کی ضرورت پر تاکید کی۔
انہوں نے اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ ہندوستان، نیپال سرحد بند ہونے سے ضروری اشیا کی ترسیل رک گئی ہے، کہا کہ اس صورت حال کے نیپال کے لوگوں کی زندگی پر پڑنے والے اثرات سے متعلق رپورٹیں باعث تشویش ہیں۔
اس سے پہلے بان کی مون کے ترجمان اسٹیفن دوجاریک نے بھی نیپال میں بنیادی ضروریات کی اشیا اور ایندھن کی قلّت کے بحران کو ختم کرنے کے لئے ہندوستان، نیپال سرحد کھولے جانے کی ضرورت پر تاکید کی تھی۔ اسٹیفن دوجاریک نے نیپال میں ضروری اشیا اور ایندھن کی قلت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایندھن کی قلت نے زلزلہ زدہ علاقوں میں امداد رسانی کے کام کو مشکلات سے دوچار کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بنیادی ضروریات کی اشیا اور ایندھن کی فراہمی کے لئے ہندوستان، نیپال سرحد کھولے جانے کے فوری اقدامات کئے جانے ضروری ہیں کیونکہ انسان دوستانہ امداد کرنے والے اداروں کو پہاڑی علاقوں میں پناہ گاہوں کی تعمیر اور کپڑوں اور غذائی اشیا کی فراہمی سے متعلق امدادی کام جاری رکھنے کے لئے ایندھن کی اشد ضرورت ہے۔
نیپال میں تقریبا" دوماہ پہلے نئے آئین کے خلاف ہونے والے احتجاج کے بعد ہند نیپال سرحد بند کردی گئی تھی۔ ہند نیپال سرحد بند ہونے سے نیپال میں ایندھن اور بنیادی ضروریات کی اشیا کی شدید قلت ہوگئی اور نیپال میں ستّر فی صد داخلی پروازیں بھی منسوخ کردی گئیں۔
حکومت نیپال نے حکومت ہندوستان سے دونوں ممالک کے درمیان سرحد کھولنے کی بارہا درخواست کی ہے تاکہ نیپال میں ایندھن اور ضروری اشیا کی قلت کے بحران کو ختم کیا جاسکے لیکن ہندوستان، نیپال کے نئے آئین کے خلاف احتجاج کے نتیجے میں ہونے والے تشدد کو سرحد بند ہونے کا باعث قرار دیتا ہے۔
سرحد کھولے جانے کی اقوام متحدہ کی درخواست پر ہندوستان کی عدم توجہ کے سبب نیپال کے وزیر اعظم کے پی اولی نے اعلان کیا کہ ہندوستان نے اپنی سرحد بند کرکے نیپال میں انسانی بحران پیدا کردیا ہے۔ کے پی اولی نے کہا کہ ہندوستان کا یہ اقدام نیپال میں ایندھن اور ضروری اشیا کی قلت کا سبب بنا ہے۔ انہوں نے نیپال میں بڑے بڑے منصوبوں پر عمل درآمد کے لئے سنہ دو ہزار چودہ میں ہونے والے ہندوستانی حکام کے نیپال کے دوروں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان اپنی سرحد بند کرکے ان منصوبوں کے رک جانے کا سبب بنا ہے۔
نیپال کے وزیر اعظم نے ہند نیپال سرحد بند ہونے کے نیپالی اقتصاد پر پڑنے والے منفی اثرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نیپال کا اقتصاد، جس کو زلزلے کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا ہوا، اب ایک اور بحران سے دوچار ہوگیا ہے۔
نیپال میں انسانی بحران اتنا سنگین ہے کہ یونیسیف کے منیجنگ ڈائریکٹر نے نیپال میں بچوں کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ یونیسیف کے منیجنگ ڈائریکٹر نے کہا ہے کہ ایندھن اور ادویات کی قلت کی وجہ سے نیپالی عوام خاص طور سے بچوں کے لئے سنگین مشکلات پیدا ہو گئی ہیں اور بہت سی بیماریوں پر قابو پانے کا امکان کم ہو گیا ہے۔
انہوں نے نیپال کے بعض جنوبی علاقوں میں اسکول بند ہونے پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔