نیپال نے ہندوستان کے تیرہ سرحدی محافظوں کو رہا کیا
نیپال نے ہندوستان کے تیرہ سرحدی محافظوں کو رہا کردیا ہے
اطلاعات کے مطابق اتوار کے روز نیپالی پولیس نے ہندوستان کے تیرہ سرحدی محافظوں کو حراست میں لینے کے بعد رہا کر دیا۔ ہندوستان کا کہنا ہے کہ یہ سرحدی محافظ اسمگلروں کا پیچھا کرتے ہوئے سرحدی علاقوں کو عبور کرکے نیپال میں داخل ہوگئے تھے۔
ہندوستانی میڈیا کے مطابق اتوار کو مقامی وقت کے مطابق صبح سات بجے ہندوستان کے دو سرحدی محافظ اسمگلروں کا پیچھا کرتے ہوئے نیپالی سرحد میں داخل ہوگئے تھے جن کو نیپالی پولیس نے گرفتار کر لیا۔ اس کے بعد گیارہ دیگر ہندوستانی سرحدی محافظ اپنے ساتھیوں کو چھڑانے گئے تو ان کو بھی نیپالی پولیس نے حراست میں لے لیا۔ تا ہم دوپہر تک ہندوستان کے سرحدی محافظوں کو رہا کر دیا گیا۔
نیپالی پولیس کا کہنا ہے کہ چونکہ ہندوستانی سرحدی محافظ ہتھیاروں کے ساتھ نیپال میں داخل ہوئے تھے اس لئے ان کو حراست میں لے لیا گیا تھا۔ نیپالی میڈیا کے مطابق ہندوستان کے تیرہ سرحدی محافظوں کو معافی مانگنے کے بعد رہا کیا گیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ نیپال میں نئے آئین کے خلاف مدھیسی تحریک کے مظاہروں کے بعد ہندوستان اور نیپال کے تعلقات میں شدید کشیدگی پیدا ہوگئی ہے اور ہندوستان نے نیپال کے لئے برآمدات پر پابندی لگا دی ہے۔ نیپالی حکام ہندوستان پراس تحریک کی حمایت کا الزام لگاتے ہیں۔ ہندوستان اس الزام کی تردید کرتا ہے۔