Dec ۰۲, ۲۰۱۵ ۱۷:۰۶ Asia/Tehran
  • ہندوستان کی ریاست تمل ناڈو میں سیلاب
    ہندوستان کی ریاست تمل ناڈو میں سیلاب

ہندوستان کے وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ تمل ناڈو میں سیلاب کی وجہ سے دو لاکھ افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے بدھ کے روز نئی دہلی میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی ریاست تمل ناڈو کے اکثر علاقوں میں جاری شدید بارش کی وجہ سے ریل اور سڑک ٹریفک شدید متاثر ہوا ہے۔

اطلاعات کے مطابق ریاستی دارالحکومت چنئی میں فضائی خدمات بھی متاثر ہونے کی وجہ سے پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔ شدید بارش کے سبب کارخانوں، اسکولوں اور یونیورسٹیوں کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ہندوستان کی جنوبی ریاست تمل ناڈو میں گزشتہ دو ہفتے کے دوران شدید بارش اور سیلاب کے نتیجے میں ایک سو نواسی افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ امدادی کام کے لئے فوج کو متاثرہ علاقوں میں تعینات کیا گیا ہے۔

دریں اثنا ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی نے تمل ناڈو کی وزیراعلی جے للتا سے تمل ناڈو ریاست میں سیلاب کی صورت حال کے بارے میں بات چیت کی ہے۔ نریندر مودی نے جے للتا کو ہر ممکن مدد کا یقین دلایا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ چنئی میں بارش نے ستانوے سال کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

ٹیگس