Jan ۱۴, ۲۰۱۶ ۱۷:۵۴ Asia/Tehran
  • ہندوستان کی جانب سے پاکستان کے تعاون کا خیر مقدم

ہندوستان نے پٹھان کوٹ ایئر بیس حملے کے سلسلے میں پاکستانی تعاون کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی تحقیقاتی ٹیم کو نئی دہلی آنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

نئی دہلی میں پریس بریفنگ میں ہندوستانی وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوروپ نے کہا کہ ہم پاکستانی تحقیقاتی ٹیم کا خیرمقدم کرتے ہیں اور مکمل تعاون کریں گے۔

اس سے پہلے بدھ کو پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت اعلی سطحی اجلاس میں پٹھان کوٹ ایئر بیس پر ہونے والے حملے کی تحقیقات کے لئے ایک ٹیم ہندوستان بھیجنے کا اشارہ دیا گیا تھا۔ ہندوستانی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے خارجہ سیکریٹریوں کی سطح کے مذاکرات ملتوی کردیئے گئے ہیں اور نئی تاریخ کا اعلان جلد ہی کر دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مذاکرات کی تاریخ تبدیل کرنے پر راضی ہوگیا ہے کیونکہ دونوں ملکوں کو مذاکرات کی تیاری کے لئے اب وقت درکار ہے۔

پاکستان میں دہشت گرد تنظیم جیش محمد کے سربراہ مسعود اظہر کو حراست لئے جانے کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ہندوستانی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ انہیں اس کا علم نہیں ہے تاہم اس تنظیم کے خلاف کارروائی پاکستان کا ایک مثبت قدم ہے۔

یاد رہے کہ ہندوستان نے پٹھان کوٹ ایئربیس پر حملے کا ماسٹرمائنڈ مسعود اظہر کو ہی قرار دیا تھا۔

ٹیگس