Jan ۱۴, ۲۰۱۶ ۱۸:۴۷ Asia/Tehran
  • نئی دہلی میں پی آئی اے کے دفتر پر حملہ

ہندوستان کے دارالحکومت نئی دہلی میں پی آئی اے کے دفتر پر حملہ ہونے کی اطلاعات ہیں۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق دہلی کے بارہ کھمبا روڈ پر واقع پاکستان کی فضائی کمپنی، پی آئی اے، کے دفتر پر ہندو انتہا پسندوں کے ایک گروپ نے جمعرات کو حملہ کر دیا۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق یہ حملہ مبینہ طور پر ہندومہا سبھا کے اراکین نے کیا۔

اطلاعات کے مطابق حملے میں شریک ایک شخص نے کہا کہ پی آئی اے کو ہندوستان میں اپنے دفاتر بند کر دینے چاہئیں۔ حملہ آوروں نے پی آئی اے کے دفتر میں گھس کر توڑ پھوڑ کی اور کارکنوں کو ہراساں کیا۔

اطلاعات کے مطابق حملے کے وقت پی آئی اے کے دفتر میں چودہ سے پندرہ افراد موجود تھے۔ بعض رپورٹوں کے مطابق حملہ آوروں کا تعلق انتہا پسند ہندو تنظیم بجرنگ دل سے ہے۔

ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق اس سلسلے میں ایک شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔

دریں اثنا ہندوستان میں پاکستانی ہائی کمشنر نے پی آئی اے کے دفتر پر حملے کے خلاف حکومت ہندوستان سے احتجاج کیا ہے۔

ہائی کمشنر منظور میمن نے کہا کہ ہم صورت حال کا جائزہ لے رہے ہیں اور ہندوستانی حکومت سے پی آئی اے کے دفتر کی سیکورٹی بڑھانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

ٹیگس