ہندوستان: بنگلور میں فرانسیسی قونصل خانے کو دھمکی آمیز خط ملنے کے بعد بنگلور، دہلی اور بمبئی میں سیکورٹی سخت کر دی گئی
ہندوستان کے جنوبی شہر بنگلور میں فرانسیسی قونصل خانے کو دھمکی آمیز خط ملنے کے بعد اس شہر کے علاوہ دارالحکومت دہلی اور بمبئی میں بھی سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے۔
ہندوستانی میڈیا کے مطابق ہندوستان کے جنوبی شہر بنگلور میں واقع فرانسیسی قونصل خانے کو ایک دھمکی آمیز خط موصول ہوا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ فرانسیسی صدر فرانسوا اولاند ہندوستان کا مجوزہ دورہ منسوخ کردیں۔ اس خط کے موصول ہونے کے بعد بنگلور، دہلی اور بمبئی میں سیکورٹی سخت کردی گئی ہے۔
بنگلور کے ایک اعلی پولیس افسر نے بتایا کہ صدر فرانسوا اولاند کے دورہ ہندوستان کے خلاف دھمکی آمیز خط تین سطروں پر مشتمل ہے اور ٹوٹی پھوٹی انگریزی میں لکھا گیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ اولاند کو ہندوستان نہیں آنا چاہئے۔ پولیس کے مطابق تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ خط چنئی سے بھیجا گیا لیکن جس پتے سے اس خط کو بھیجا گیا تھا وہ غلط ہے۔ پولیس یہ خط بھیجنے والے کا پتہ لگانے کی کوشش کر رہی ہے۔ پروگرام کے مطابق فرانسیسی صدر فرانسوا اولاند چھبیس جنوری کو دہلی میں ہونے والی ہندوستان کے یوم جمہوریہ کی مرکزی تقریب میں مہمان خصوصی ہوں گے۔ اطلاعات کے مطابق فرانسوا اولاند چوبیس جنوری سے اپنا دورہ ہندوستان شروع کریں گے۔