امریکہ کو ہندوستان کی دفاعی صورت حال کا صحیح ادراک نہیں ہے: ہندوستان
ہندوستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے واشنگٹن میں ایٹمی سیکورٹی کانفرنس میں امریکی صدر باراک اوباما کی تقریر پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کو ہندوستان کی دفاعی صورت حال کا صحیح ادراک نہیں ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق وکاس سوروپ نے کہا کہ ہندوستان نے کبھی بھی ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال یا دوسرے ملکوں کے خلاف فوجی اقدام کی پالیسی نہیں اپنائی ہے۔ انھوں نے باراک اوباما پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر نے اپنی تقریر میں ہندوستان کو ان ممالک میں شامل کیا ہے کہ جن میں ایٹمی ہتھیاروں کے غلط استعمال کا امکان پایا جاتا ہے کہ یہ چیز حقیقت سے کوسوں دور ہے۔
امریکی صدر باراک اوباما نے گزشتہ ہفتے سیکورٹی کانفرنس میں ہندوستان اور پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے ایٹمی ہتھیاروں میں کمی کریں اور فوجی مقاصد کو توسیع دینے میں غلط راستے پر قدم نہ بڑھائیں۔
ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی نے گزشتہ ہفتے واشنگٹن میں ہونے والی سیکورٹی کانفرنس میں شرکت کی تھی کہ جس میں پچاس سے زائد ممالک شامل تھے۔