فرانس سے رافائل جنگی طیارے کی خریداری کا معاہدہ
ہندوستان کی وزارت دفاع کے ایک عہدیدار نے کہا ہے کہ فرانس کے ساتھ چھتیس جدید رافائل جنگی طیاروں کی خریداری کا معاہدہ حتمی مرحلے میں ہے-
ہندوستان کے ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کی وزارت دفاع کے ایک عہدیدار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان اور فرانس کے درمیان آٹھ ارب یورو کی مالیت سے چھتیس جدید رافائل جنگی طیارے خریدنے کا معاہدہ اصولی طور پر طے ہوگیا ہے تاہم ابھی اس پر دستخط ہونا باقی ہیں۔
اس رپورٹ کے مطابق اس معاہدے پر آئندہ تین ہفتوں میں دستخط کردیئے جائیں گے لیکن ہندوستان کو رافائل طیارے دینے کا عمل اٹھارہ مہینوں سے پہلے انجام نہیں پائے گا-
ہندوستان کے وزیر دفاع نے اس سے قبل کہا تھا کہ اگر چہ رافائل جنگی طیاروں کی خریداری کے معاہدے کے حوالے سے بات چیت کا سلسلہ سست روی سے جاری ہے تاہم امید ہے کہ جلد ہی اس کی خریداری سے متعلق باقیماندہ مسائل برطرف ہوجائیں گے-
واضح رہے کہ فرانس نے اپنے ایک سو چھبیس رافائل جنگی طیارے ہندوستان کو فروخت کرنے کے لئے ، دوہزار بارہ میں مذاکرات کا آغاز کیا تھا تاہم ابھی تک کسی نتیجے تک نہیں پہنچا ہے-