ایران اور ہندوستان کے تعلقات کے فروغ پر تاکید
May ۱۰, ۲۰۱۶ ۰۹:۵۴ Asia/Tehran
ایران میں ہندوستان کے سفیر نے دونوں ملکوں کے دو طرفہ تعلقات اور تعاون کے مزید فروغ کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
تہران میں ہندوستان کے سفیر سوربھ کمار نے تہران سے شائع ہونے والے اخبار شرق سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور ہندوستان کے تعلقات، تہران کے خلاف پابندیوں کے دور میں بھی خوشگوار رہے ہیں اور ان تعلقات کو مزید فروغ دیئے جانے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے تعلقات اور تعاون کی توسیع کے لئے دونوں ملکوں میں پائے جانے والے مواقع کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ نئی دہلی، تہران کے ساتھ سیاسی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لئے آمادہ ہے۔ ہندوستان کے سفیر نے چابہار بندرگاہ کو ایران اور ہندوستان کے درمیان تعاون کے فروغ کے لئے ایک اہم علاقہ قرار دیا۔
واضح رہے کہ ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی ایرانی حکام سے ملاقات کے لئے جلد ہی تہران کا دورہ کرنے والے ہیں۔