پاکستان جموں و کشمیر کی بدامنی کا اصل ذمہ دار ہے، ہندوستان کا الزام
ہندوستان کے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے ہمسایہ ملک پاکستان پر جموں کشمیر کی بدامنی کا الزام عائد کیا ہے۔
راج ناتھ سنگھ نے پاکستان پر ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کی بدامنی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر میں پاکستان کا کردار بقول ان کے غیر ذمہ دارانہ ہے۔
انہوں نے دعوی کیا کہ حکومت ہندوستان نے کشمیر کے مختلف علاقوں میں تعینات سیکورٹی فورس کو صبر و تحمل سے کام لینے اورعوامی مظاہروں کو روکنے کے لیے مہلک ہتھیاروں سے کام نہ لینے کا حکم دیا ہے۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ کشمیرمیں گیارہ روز سے جاری جھڑپوں میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد پچاس کے قریب پہنچ گئی ہے۔ تین ہزار سے زائد افراد زخمی بتائے جاتے ہیں جن میں سے دس کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔
کہا جارہا ہے کہ کشمیر میں اخبارات کی اشاعت پربدستور پابندی عائد ہے اور ٹیلی فون، انٹرنیٹ اور رابطے کے تمام ذرائع منقطع ہیں۔