Jul ۲۸, ۲۰۱۶ ۲۰:۲۶ Asia/Tehran
  • کرگل کے معروف عالم دین شیخ محمد حسین ذاکری کو سپرد خاک کردیا گیا

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے سرکردہ عالم دین اورامام خمینی میموریل ٹرسٹ کے بانی حجت الاسلام شیخ محمد حسین ذاکری کو کارگل میں سپرد خاک کردیا گیا۔

حجت الاسلام شیخ محمد حسین ذاکری کے جنازے میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ کرگل کے اعلی سرکاری عہدیداربھی جنازے میں شریک تھے۔اس موقع پر مرحوم کی خدمات کو زبردست خراج عقیدت بھی پیش کیا گیا۔

حجت الاسلام شیخ محمد حسین ذاکری جمعرات کی صبح انتقال کرگئے تھے۔ ان کی عمر چھہتر برس تھی۔ ہندوستان میں ولی فقیہ کے نمائندے حجت الاسلام مہدی مہدوی پور نے شیخ محمد حسین ذاکری کی وفات پران کے اہل خانہ اور کرگل کے عوام کو تعزیت پیش کی ہے۔

ولی فقیہ کے نمائندے کے جاری کردہ بیان میں حجت الاسلام شیخ محمد حسین ذاکری کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ انہوں نے علاقے کے عوام کو اسلامی انقلاب کی اقدار سے روشناس کرانے میں کسی کوشش سے دریغ نہیں کیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ حجت الاسلام شیخ محمد حسین ذاکری اتحاد بین المسلمین کے سچے عملبردار تھے اور آخری دم تک مسلمانوں کے درمیان اتحاد کے لیے کوشاں رہے۔

نئی دہلی میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارت خانے نے بھی حجت الاسلام شیخ محمد حسین ذاکری کی وفات پر مرحوم کے اہل خانہ اور کرگل کے عوام کو تعزیت پیش کی ہے۔

حجت الاسلام شیخ محمد حسین ذاکری سنہ انیس سو چالیس میں ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کے علاقے کرگل کے ایک مذہبی گھرانے میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم اپنے آبائی علاقے میں ہی حاصل کی اوراعلی دینی تعلیم کے لیے عراق کے شہر نجف اشرف تشریف لے گئے جہاں انہوں نے جید علمائے کرام سے کسب فیض کیا۔ وہ سنہ انیس سو اکہتر میں بیماری کی وجہ سے کرگل واپس لوٹ گئے اور انیس سو تہتر میں انجمن اسلامی کی بنیاد ڈالی۔

ایران میں اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد انہوں نے ہندوستان کے مختلف شہروں کا سفر کرکے لوگوں کو اسلامی انقلاب کے پیغام سے روشناس کرانے میں بھرپور کردار ادا کیا۔ بعد ازاں انہوں نے امام خمینی مموریل ٹرسٹ، جامعہ امام خمینی، جامعہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا، شہید مطہری اسکول اور اسلامی قرض الحسنہ بینک کی بنیاد بھی رکھی۔

ٹیگس