ہندوستان: 500 اور 1000 روپے کے نوٹوں کو تبدیل کرانے کا آج آخری دن
ہندوستان میں حکومت نے 500 اور 1000 روپے کے جن پرانے نوٹوں پر پابندی عائد کی تھی انھیں بینک میں تبدیل کرانے کا آج آخری دن ہے ۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق حکومت نے 500 اور 1000 روپے کے جن پرانے نوٹوں کو تبدیل کرانے کیلئے 50 روز کی مہلت دی تھی وہ آج پوری ہورہی ہے جس کے بعد ایسے کرنسی نوٹوں کی کوئی قدر و قیمت نہیں رہ جائے گی۔ کرنسی نوٹوں پر پابندی کے بعد حکومت ایسے نوٹوں کو بینک کے کھاتوں میں جمع کرانے یا انھیں تبدیل کرانے کے لیے وقتاً فوقتاً اصول و ضوابط مرتب کرتی رہی ہے۔
سب سے اہم پابندی بینک سے پیسے نکالنے کی حد پر تھی جس کی وجہ سے گذشتہ تقریباً پچاس روز سے اے ٹی ایم کے باہر لمبی قطاریں لگتی رہی ہیں۔
حزب اختلاف کی جماعتوں نے حکومت کے اس اقدام کی سخت مخالفت کی اور کہا کہ اس سے کسان اور غریب لوگوں کو نقصان پہنچا ہے۔
اب سب کی نظریں اس بات ہے پر لگی ہیں کہ اب حکومت کا اگلا قدم کیا ہوگا۔ کیا پیسوں سے متعلق پابندیاں برقرار رہیں گی یا پھر اس میں نرمی برتی جائےگی۔
واضح رہے کہ ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی نے آٹھ نومبر کی رات اچانک ایک ہزار اور پانچ سو روپے کے کرنسی نوٹ بند کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد سے اب تک مستقل بینکوں کے باہر افرا تفری کا ماحول رہا اور کئی افراد ہلاک ہو گئے۔