ہندوستان: وزیراعظم پرنوٹوں کی منسوخی سےعوام کو گمراہ کرنے کا الزام
راجیہ سبھا کے رکن احمد پٹیل نےالزام لگایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نوٹوں کی منسوخی اور دیگر مسائل پر ملک کو گمراہ کر رہے ہیں اور انہیں یہ نہیں سمجھ لینا چاہئے کہ یہ ملک ان کی 'جاگیر' نہیں ہے۔
کانگریس کی صدر محترمہ سونیا گاندھی کے سیاسی مشیر اور راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ احمد پٹیل نےکل اپنی اور وزیراعظم نریندر مودی کی آبائی ریاست گجرات کے آنند میں کانگریس کی جانب سے نوٹوں کی منسوخی پر منعقدہ عوامی بیداری کانفرنس میں کہا کہ وزیر اعظم اور بی جے پی لوگوں سے صرف وعدے کر رہے ہیں اور انہیں گمراہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ وزیراعظم نریندر مودی نوٹوں کی منسوخی اور دیگر مسائل پر ملک کو گمراہ کر رہے ہیں اور انہیں یہ سمجھ لینا چاہئے کہ یہ ملک ان کی 'جاگیر' نہیں ہے۔
پٹیل نے کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ ریزرو بینک کے گورنر ارجیت پٹیل بھی نوٹوں کی منسوخی کے 70 دن بعد بھی حساب نہیں دے پا رہے کہ کتنا کالا دھن بینک میں جمع ہوا ہے۔ 80 سال کی تاریخ میں ریزرو بینک پہلی بار حکومت کے ہاتھوں کا کھلونا بن گیا ہے۔
پٹیل نے یہ الزام بھی لگایا کہ بی جے پی کی13 سال کی حکمرانی میں گجرات مقروض ریاست بن گیا ہے۔ انہوں نے نوٹوں کی منسوخی سے لوگوں کو ہوئی پریشانی پر ریاست کے ہر اسمبلی حلقہ میں پروگرام منعقد کرنے کی بات کہی۔
گذشتہ آٹھ نومبر کو وزیراعظم نریندرمودی کے ذریعے پانچ سو اور ایک ہزار کے نوٹوں پر پابندی کے اعلان کے بعد سے جہاں عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے وہیں اپوزیشن جماعتیں اس معاملے پرحکومت کو مسلسل گھیرنے میں لگی ہوئی ہیں - حکومت کا کہنا ہے کہ اس نے یہ اقدام ملک سے بلیک منی کا صفایا کرنے کے لئے کیا ہے جبکہ اپوزیشن کا کہنا ہے یہ فیصلہ سوچے سمجھے بغیر کیا گیا ہے اور اس سے عوام اور چھوٹے تاجروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے -