Jul ۰۸, ۲۰۱۷ ۱۶:۳۱ Asia/Tehran
  • ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں کرفیو، مظاہرے اور جھڑپیں

ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں متعدد مقامات پر پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئی ہیں۔

سری نگر سے ہمارے نمائندے کے مطابق حزب المجاہدین کے نوجوان کمانڈر برہان مظفر وانی کی پہلی برسی کے موقع پر ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں کشیدگی برقرار ہے۔عینی شاہدین کے مطابق پولیس نے برہان وانی کے گھر کی ناکہ بندی کر رکھی تھی لیکن پھر بھی مظاہرین نے برہان وانی کے گھر کی جانب بڑھنے کی کوشش کی جس کے نتیجے میں مظاہرین اور ہندوستانی فورسز کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ پولیس نے مظاہرین کو منشتر کرنے کے لیے آنسوگیس کے گولے پھینکے اور ہوائی فائرنگ بھی کی۔ہندوستانی حکام نے جموں اور کشمیر میں ہزاروں کی تعداد میں فوجیوں کو تعینات کرتے ہوئے زیادہ تر علاقوں میں کرفیو نافذ کر رکھا ہے۔پوری وادی میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل ہے۔کشمیری رہنماؤں نے برہان وانی کی برسی کے موقع پر ایک ہفتے کے طویل مظاہروں کی کال دی ہے۔برہان وانی کی برسی کے موقع پر پاکستان اور ہندوستان کے درمیان لائن آف کنٹرول پر بھی کشیدگی کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔ہندوستان نے پاکستان پر الزام لگایا ہے کہ سرحد پار شیلنگ کے نتیجے میں اس کا ایک فوجی اور ایک خاتون ہلاک جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔اس سے پہلے پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے الزام لگایا تھا کہ لائن آف کنٹرول پر ہندوستانی فوج کی فائرنگ میں پانچ پاکستانی شہری ہلاک اور نو زخمی ہوئے ہیں۔

ٹیگس