Jul ۱۸, ۲۰۱۷ ۱۷:۵۲ Asia/Tehran
  • ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں جھڑپ

ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں ایک فوجی اہلکار نے فائرنگ کر کے ایک میجر کو ہلاک کر دیا۔

سری نگر سے موصولہ رپورٹ کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ کشمیر کی کنٹرول لائن کے قریب بوچار فوجی چیک پوسٹ پر پیش آیا جہاں ہندوستان کے ایک فوجی جوان کتھی ریسن اور  میجر تھاپا کے درمیان کسی مسئلے پر بحث ہونے لگی جس کے بعد فوجی اہلکار نے فائرنگ کر دی اور میجر تھاپا موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔ہندوستان کی پولیس نے اس سلسلے میں تفتیش شروع کردی ہے۔

دوسری جانب جموں و کشمیر کے باندی پورہ علاقے میں ہندوستانی فوجیوں نے مسلح افراد کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔

اطلاعات کے مطابق ہندوستانی فوجیوں اور مسلح افراد کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں دو مسلح افراد مارے گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ کچھ مسلح افراد اس علاقے میں روپوش ہیں۔

اس سے قبل ہندوستانی فوجیوں نے اننت ناگ میں ایک کارروائی کر کے تین مسلح افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔ تینوں مسلح افراد کو ہندوستانی فوج نے دہشت گرد قرار دیا ہے۔اس واقعے کے بعد اننت ناگ علاقے کے تمام اسکول و کالج بند اور انٹرنیٹ سرویس معطل کر دی گئی۔

دریں اثنا حریت کانفرنس کے رہنماؤں کی اپیل پر منگل کے روز ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے مختلف علاقوں میں عام ہڑتال رہی جس کی بنا پر دوکانین اور اسکول و کالج بند رہے اور ٹرانسپورٹ بھی متاثر رہا۔

ٹیگس