لالو پرساد یادو کی سزا کے خلاف اپیل
چارہ گھوٹالہ کیس میں لالو پرساد یادو کو ساڑھے تین سال جیل کی سزا اور پانچ لاکھ روپے جرمانہ ہونے کے خلاف ہائیکورٹ میں اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
بہار کے مشہور چارہ گھوٹالہ کیس میں سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے لالو پرساد یادو کو ساڑھے تین سال کی جیل کی سزا سنائی ہے ۔ ساتھ ہی ساتھ پانچ لاکھ روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔ لالو کو یہ سزا دیو گھر خزانہ سے غیر قانونی طور پر رقم نکالنے کے کیس میں سنائی گئی ہے۔
خیال رہے کہ لالو پرساد سمیت دس دیگر ملزموں کی سزا پر جمعہ کو سی بی آئی کی خصوصی عدالت میں سماعت پوری ہوگئی تھی ۔ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ ہوٹوار جیل سے لالو یادو کی پیشی ہوئی ۔ لالو یادو کے معاملہ پر جمعہ کو تقریبا پانچ منٹ تک بحث ہوئی ۔
ادھر لالو پرساد یادو کو سزا سنائے جانے سے پہلے راشٹریہ جنتادل کی ایک ایمرجنسی میٹنگ پٹنہ میں ہوئی تاہم سزا کے بعد لالو کے بیٹے تیجسوی یادو اور اہلیہ رابڑی دیوی نے پارٹی کے صدر دفتر میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سزا کے خلاف ہائیکورٹ سے رجوع کیا جائے گا اور انصاف کے حصول کی کوشش کی جائے گی۔