Jan ۳۱, ۲۰۱۸ ۱۰:۱۷ Asia/Tehran
  • ہندوستان اپنے پڑوسیوں کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں

ہندوستان کے وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ ہندوستان اپنے پڑوسیوں سمیت تمام ممالک کے ساتھ ہمیشہ اچھے تعلقات رکھنا چاہتا ہے۔

ہندوستان کے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے چنڈی گڑھ میں نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے دعوی کیا کہ بار بار کی یقین دہانیوں کے باوجود  پاکستان جنگ بندی کی خلا ف ورزی کر رہا ہے انہوں نے پاکستان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہندوستان جیسے ایک طاقت ور ملک کی نرمی اور شرافت کو اس کی کمزوری نہ سمجھے۔

ہندوستان کے وزیر داخلہ نے کہا کہ ہندوستان اپنے پڑوسیوں سمیت تمام ممالک کے ساتھ ہمیشہ اچھے تعلقات رکھنا چاہتا ہے۔ پاکستان کے ساتھ بھی اس نے دوستانہ رشتے برقرار رکھنے کی پہل کی ہے اور اس پڑوسی ملک کو بھی ہندوستان کے تئیں دوستانہ رویہ رکھنا چاہئے۔

پنجاب میں پاکستان سے متصل سرحد پر خاردار تار لگانے کے منصوبے کو مرکز کے ذریعہ سرد خانے میں ڈالے جانے کے سلسلے میں ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ کچھ بھی ٹھنڈے بستے میں ڈالا نہیں گیا ہے۔ البتہ پورے ملک میں سرحد کے تعلق سے ہونے والے منظم جرائم اور دفاعی پہلوؤں کے پیش نظر خاردار تار لگانے کا کام جنگی پیمانے پر جاری ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور ہندوستان ایک دوسرے پر کنٹرول لائن میں جنگ بندی کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کرتے رہتے ہیں۔

ٹیگس