Mar ۲۷, ۲۰۱۸ ۱۰:۴۶ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں دو صحافیوں کی ہلاکت

ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دو مختلف واقعات میں دو صحافیوں کو گاڑی اور ٹرک کے ذریعے کچل کرہلاک کردیا گیا ۔

ہندوستانی میڈیا کے مطابق اخبار کے رپورٹر نوین نیسچل اپنے ساتھی صحافی وجے سنگھ کے ہمراہ موٹرسائیکل میں بہار کے دارالحکومت پٹنہ سے 50 میل کے فاصلے پر بھوجپور میں محو سفرتھے کہ نشانہ بنایا گیا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ مقتول صحافی کے بھائی کی جانب سے شکایت پر گاؤں کے سابق سربراہ محمد ہارسو کو گرفتار کیا گیا ہے۔

دوسرا واقعہ ریاست مدھیا پردیش میں پیش آیا جہاں ٹی وی سے منسلک صحافی سندیپ شرما کو ٹرک چڑھا کر کچل دیا گیا۔

قتل ہونے والے شرما ریت بجری کی غیرقانونی تجارت کے حوالے سے اپنے ٹی وی کے لیے تفتیشی رپورٹ بنا رہے تھے۔

مقتول صحافی کے بھتیجے وکاس پروہیت نے پولیس میں درج شکایت میں کہا کہ صحافی نے ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کیا تھا کہ انھیں ریت مافیا قتل کرسکتی ہے۔

شرما کو کچلنے کی ویڈیو ریاستی دارالحکومت بھوپال میں وائرل ہوگئی تھی جس میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ شرما سڑک کے کنارے پیدل جارہے ہیں اور ایک ٹرک آکر ان کو کچل دیتا ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق شرما نے پولیس عہدیداروں اور ریت کے غیرقانونی تاجروں کے درمیان تعلق کو بے نقاب کیا تھا۔

یاد رہے کہ ہندوستان میں 2017 میں 3 صحافیوں کو قتل کیا گیا تھا۔

 

ٹیگس