کشمیر میں حالات کشیدہ، احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے کئی علاقوں میں حالات کشیدہ ہیں اور احتجاجی مظاہروں کو روکنے کے لئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے علاقوں شوپیان، اننت ناگ، بانڈی پورہ، سوپور، کھنہ بل اور دوسرے علاقوں میں طلباء نے احتجاج کیا فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے ٹیر گیس اور پیلٹ کا استعمال کیا جس کے دوران3 اہلکاروں اور نصف درجن طلباء و طالبات سمیت30افراد زخمی ہوئے،جن میں کئی طلباء پیلٹ کا نشانہ بھی بن گئے۔اس دوران بارہمولہ اور گاندربل میں 150کے قریب طلباء کو حراست میں لیا گیا۔
واضح رہے کہ کھٹوعہ کی کمسن بچی کی آبرو ریزی اور قتل کے خلاف گزشتہ2ہفتوں سے احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ انتظامیہ کی طرف سے سرینگراور دیگر حساس علاقوں میں کالجوں اور ہائر سکینڈری اسکولوں کو بند رکھنے کے باوجود کل پیر کو احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری رہا۔
احتجاجی مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر کمسن بچی کے حق میں مختلف نعرے درج تھے۔