کشمیرمیں مکمل ہڑتال
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں 3عسکریت پسندوں کی ہلاکت کے خلاف ہڑتال کی جا رہی ہے۔
موصولہ رپورٹوں کے مطابق ہندوستان کے زیر انتظام کشمیرمیں مکمل ہڑتال ہے اور تمام کاروباری مراکز، دکانیں اور اسکول بند ہیں اور سڑکوں پر ٹریفک نہ ہونے کے برابر ہے۔
واضح رہے کہ ضلع پلوامہ کے دربگام گاؤں میں پیر کے روز عسکریت پسندوں اور سیکورٹی فورسز کے مابین ہونے والے ایک شدید مسلح تصادم میں حزب المجاہدین کے سرکردہ کمانڈر سمیر ٹائیگر سمیت 2 عسکریت پسند ہلاک ہوئے۔ جھڑپ کے دوران ایک میجر اور ایک اہلکار بھی زخمی ہوئے۔
مسلح تصادم کے مقام پر مقامی لوگوں کی فورسز کے ساتھ ہونے والی جھڑپوں میں ایک 19سالہ لڑکا بھی چھاتی میں گولی لگنے سے لقمہ اجل بن گیا جبکہ دیگر 40افراد زخمی ہوئے جن میں 4 کو گولیاں لگیں جن میں 2کی حالت انتہائی نازک قرار دی جارہی ہے۔
عسکریت پسندوں اور فورسز میں جھڑپ شروع ہونے کے فوراً بعد کثیر تعداد میں لوگ دربگام پہنچ گئے اور انہوں نے جائے جھڑپ کے نزدیک جانے کی کوشش میں فورسز پر شدید پتھراؤ کیا۔ مظاہرین اور فورسز میں 6گھنٹے تک تصادم آرائی ہوتی رہی۔
حریت کانفرنس کی جانب سے پلوامہ کے دربگام میں ہلاکتوں کے خلاف منگل کو ہڑتال کال کے پیش نظر انتظامیہ نے یکم مئی کو سرینگر کے7پولیس تھانوں کے حدود میں دفعہ144نافذ کردیا ہے اور تمام امتحانات منسوخ کر دیئے ہیں۔