بحرینی اور اماراتی کھلاڑیوں کے دورہ اسرائیل کی مذمت
غاصب صیہونی حکومت کے ناجائز قیام کی ستّرویں برسی کی مناسبت سے مقبوضہ فلسطین میں سائکلسٹ مقابلوں میں فلسطینیوں کی شدید مخالفت کے باوجود بحرین اور متحدہ عرب امارات کے سائکلسٹ شریک ہوئے ہیں۔
فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق صیہونی حکومت کے وزیر اعظم بنیامین نتن یاہو کے عربی ترجمان آفر جندلمین نے اپنے ٹوئٹ میں مقبوضہ فلسطین میں جمعے کے روز سے شروع ہونے والے ان مقابلوں میں بحرین اور متحدہ عرب امارات کے سائکلسٹوں کی شرکت کا خیرمقدم کیا ہے۔سائکلسٹوں کا یہ گروپ مقبوضہ فلسطین کے مختلف شہروں سے گذرتے ہوئے سات مئی کو اٹلی منتقل ہو جائے گا۔
معروف فلسطینی شخصیت عبداللہ معروف نے یوم نکبت کی مناسبت سے مقبوضہ فلسطین میں ہونے والے ان مقابلوں میں بحرین اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے شرکت کو شرمناک قرار دیا ہے۔ خلیج فارس کے بعض عرب ملکوں کی جانب سے مقبوضہ فلسطین میں سرکاری و غیر سرکاری طور پر اس طرح کی موجودگی پر بارہا عرب رائے عامہ نے اپنے شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے-
واضح رہے کہ چودہ مئی کی تاریخ فلسطینی علاقوں پر غاصب صیہونی حکومت کے ناجائز قیام کی برسی ہے۔ اسی بنا پر فلسطینی عوام اسے یوم نکبت کے طور پر مناتے ہیں۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ غاصب صیہونی حکومت چودہ مئی سن انّیس سو اڑتالیس سے اب تک آٹھ لاکھ سے زائد فلسطینیوں کو بے گھر اور ان کے گھروں پر قبضہ کر چکی ہے۔