ہندوستان خوشحال پاکستان کا خواہشمند
پاکستان میں ممکنہ طور پر عمران خان کی بننے والی حکومت سے یوں دکھائی دیتا ہے کہ پاک و ھند کے مابین برف پگھلنے والی ہے۔
ہندوستان کی وزارت خارجہ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ خوشحال پاکستان کے خواہشمند ہیں امید ہے نئی حکومت خطے کو محفوظ اور پرامن بنانے کے لیے کام کرے گی۔
ہندوستانی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان خوشحال اور ترقی پسند پاکستان کا خواہشمند ہے۔
ادھریپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر اور ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی سے اپیل کی ہے کہ وہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ اور پاکستان کے نئے متوقع وزیراعظم عمران خان کے ہندوستان و پاکستان تعلقات سے متعلق بیان کا مثبت جواب دیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے دوستی اور مذاکرات کی بات کی ہے اور نریندر مودی کو اس کا مثبت جواب دینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو حل کرنے، یہاں خون خرابہ بند کرنے اور پاکستان کے ساتھ دوستانہ تعلقات قائم کرنے والے کسی بھی ہندوستانی وزیر اعظم کا نام تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین اور ممکنہ وزیراعظم عمران خان نے انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد ہندوستان سے مسئلہ کشمیرسمیت تمام مسائل پر گفتگو کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر ہندوستان ایک قدم بڑھائے تو پاکستان دو قدم بڑھائے گا۔