روہنگیائی مسلمانوں کو واپس بھیجنے پر ہندوستان سے وضاحت طلب
Jan ۰۶, ۲۰۱۹ ۰۹:۵۱ Asia/Tehran
یو این ایچ آر سی نے روہنگیا مسلمانوں کو واپس میانمار بھیجنے پر ہندوستان سے وضاحت طلب کی ہے۔
اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل نے روہنگیائی پناہ گزینوں کے ایک گروپ کو واپس میانمار بھیجنے کے ہندوستان کے فیصلہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ایجنسی نے ہندوستان سے مذکورہ معاملہ پر وضاحت مانگی ہے کہ کس حالات کے تحت اس نے یہ فیصلہ لیا۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ڈپٹی ترجمان فرحان حق نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ ہندوستان نے تین مہینہ کے اندر دوسری بار روہنگیائی پناہ گزینوں کو واپس بھیجا ہے۔
پناہ گزین ایجنسی نے کہا کہ جمعرات کے روز واپس بھیجے گئے یہ روہنگیا خاندان ہندوستان میں اقوام متحدہ کے ساتھ رجسٹر تھے، جنہیں آسام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ وہ غیر قانونی طور پر ہندوستان میں داخل ہونے کے الزام میں 2013 سے جیل میں بند تھے۔