ہندوستان ایران سے تیل خریدتا رہے گا، آئل پرائس کی رپورٹ
امریکی دھمکیوں کے باوجود ہندوستان ایران سے تیل کی خریداری کا سلسلہ جاری رکھے گا۔
خام تیل اور انرجی کے جریدے آئل پرائس ڈاٹ کام کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے لیے ایرانی تیل کی برآمدات میں پچھلے چند ماہ کے دوران کمی ضرور ہوئی ہے لیکن ہندوستان ایرانی تیل کی درآمدات کسی بھی صورت میں صفر تک نہیں لے جائے گا ۔
انرجی ایکسپرٹ ہیلی زریمبا نے بھی کہا ہے کہ ہندوستان ایران سے یومیہ ایک لاکھ بیرل تیل خریدتا رہے گا اور ہندوستان کا یہ فیصلہ سیاسی نہیں بلکہ اپنی توانائی کے ذرائع کو محفوظ رکھنے کے لیے ہے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے لیے ایران کے ساتھ اپنے دیرینہ اور تاریخی تعلقات بھی انتہائی اہمیت رکھتے ہیں اور نئی دھلی تہران کے ساتھ اپنے تعلقات کو باقی رکھنے کے لیے کوشش کر رہا ہے۔
انرجی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ ایس ای بی کے محقق برنی شیلڈراپ نے بھی کہا ہے کہ امریکہ کی جانب سے ایرانی تیل پر انتہائی دباؤ کی پالیسی کے باوجود ہندوستان سمیت ایرانی تیل کے خریداروں کے لیے اسے صفر تک پہنچانا انتہائی دشوار ہے۔