کشمیر میں تصادم 2 عسکریت پسند ہلاک
ہندوستان کے زیر انتظام جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے پنزگام میں آج ہفتہ کی صبح ہونے والے ایک تصادم میں دو عسکریت پسند مارے گئے۔
سرکاری ذرائع کا کہنا کہ پلوامہ کے پنزگام میں عسکریت پسندوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر فورسز نے مذکورہ علاقہ میں ہفتہ کی علی الصبح کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا۔ تلاشی آپریشن کے دوران طرفین کے درمیان تصادم ہوا جس میں دو عسکریت پسند مارے گئے۔
تصادم کی جگہ سے اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
دوسری جانب ضلع اننت ناگ کے دہرونہ نامی گاوں میں ہفتہ کی صبح عسکریت پسندوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے بعد فورسز نے پورے علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔
سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ دہرونہ میں تلاشی آپریشن جاری ہے اور عسکریت پسندوں کے فرار ہونے کے سبھی راستے سیل کئے گئے ہیں۔ تاہم ایک رپورٹ کے مطابق عسکریت پسند علاقہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔
واضح رہےکہ پلوامہ اورشوپیاں میں جمعرات کوعسکریت پسندوں اورسیکورٹی اہلکاروں کے مابین جھڑپوں میں 6 عسکریت پسند مارے گئے تھے۔ جس پر حریت کانفرنس کی اپیل پر جمعہ کو وادی میں مکمل ہڑتال کی گئی۔