اب ہندوستان نے بھی پاکستان کے دعوے کی طرح کیا دعویٰ، پانچ جنگی جہاز اور ایک بڑا عسکری طیارہ مار گرایا
ہندوستانی فضائیہ کے کمانڈر نے دعویٰ کیا ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جھڑپوں میں ہندوستانی فورسز نے پاکستان کے پانچ جنگی جہاز اور ایک بڑا عسکری طیارہ تباہ کیا ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: رشیا ٹوڈے کے حوالے سے یہ رپورٹ سامنے آئی ہے کہ ہندوستانی فضائیہ کے ایئرچیف مارشل امرپریت سنگھ نے ہندوستان کے جنوبی شہر بنگلور میں ایک تقریب میں کہا کہ ’آپریشن سندور‘ کے دوران ہندوستانی فضائیہ نے پاکستان کے 5 جنگی طیاروں کو مار گرایا تھا۔ انھوں نے یہ بھی بتایا کہ اس آپریشن کے ذریعہ پاکستان کو واضح اور سخت پیغام دیا تھا۔ مار گرائے گئے طیاروں میں پاکستان کے 5 جنگی طیارے اور ایک جاسوسی طیارہ ’اے ڈبلیو اے سی ایس‘ تھا۔ انہوں نے بتایا کہ زیادہ تر پاکستانی طیارے روس کے ساختہ ایس-400 میزائل سسٹم کے ذریعے گرائے گئے۔

ایئرچیف مارشل کے مطابق، مار گرایا جانے والا بڑا طیارہ غالباً ایک جاسوس جہاز تھا جسے تقریباً 300 کلومیٹر کی دوری سے نشانہ بنایا گیا۔ پاکستان کی جانب سے اب تک اس حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر کے پہلگام میں دہشت گردانہ حملہ کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان تعلقات انتہائی کشیدہ ہو گئے تھے۔ اس حملہ کے بعد دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ہندوستانی فوج نے ’آپریشن سندور‘ کو انجام دیا تھا۔ اس کے تحت پاکستان مقبوضہ کشمیر اور پاکستان کے کچھ دیگر علاقوں میں دہشت گردانہ اڈوں کو ہدف بنایا گیا تھا۔