پاکستان کا 78 واں یوم آزادی، مختلف شہروں، قصبوں اور گاؤں میں تقریبات کا انعقاد
پاکستان میں آج یوم آزادی بھرپور ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔
سحرنیوز/پاکستان: آج پورے پاکستان میں یوم آزادی کی تقریبات قومی جوش و خروش کے ساتھ منائی جا رہی ہے موصولہ رپورٹوں کے مطابق آج پاکستان میں دن کے آغاز پر توپوں کی سلامی دی گئی اور ملک میں ترقی، یکجہتی، امن و سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ جشن آزادی کے موقع پر کراچی میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر تبدیلی گارڈ کی تقریب کا انعقاد ہوا۔ کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، ملتان سمیت ملک بھر میں چراغاں اورآتش بازی کی گئی اور نوجوان قومی پرچم اور جھنڈیاں لیے سڑکوں پر نکل آئے۔ یوم آزادی کے موقع پر پاکستان مونومنٹ پر پرچم کشائی کی تقریب ہوئی جس میں وزیر اعظم شہباز شریف نے پرچم کشائی کی۔پرچم کشائی کی تقریب کے موقع پر وفاقی وزراء بھی موجود تھے اور اسکولوں کے بچوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ پرچم کشائی کی تقریب کے موقع پر ملی جوش و جذبے سے قومی ترانہ پڑھا گیا۔