ووٹ چوری عوام کے حقوق اور شناخت کی چوری ہے؛ راہل گاندھی
ہندوستان میں حزب اختلاف کے رہنما راہل گاندھی نے مبینہ ووٹ چوری کے تعلق سے ایک ویڈیو جاری کرکے کہا ہے کہ یہ عوام کے حقوق اور شناخت کی چوری ہے
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیوشیئر کیا ہے جس میں مبینہ طور پر ایک بی جے پی کارکن کو فرضی ووٹ ڈالتے ہوئے دکھا یا گیا ہے۔ راہل گاندھی نے ہندوستان کی حکومت اور الیکشن کمیشن پر مبینہ ملی بھگت سے ووٹ چوری کے الزام کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ صرف ووٹ کی ہی نہیں بلکہ شہریوں کے حقوق اور ان کی شناخت کی بھی چوری ہے۔
اس ویڈیو میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے دو کارکنوں کو مبینہ طور پر فرضی ووٹ ڈالنے کے بعد پولنگ بوتھ سے نکلتے ہوئے دکھا گیا ہے جن میں سے ایک یہ کہتا ہے کہ یہ بہترین انتظام ہے، اب جیت یقینی ہے۔ اس ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ اصل ووٹر جب ووٹ ڈالنے آتے ہیں تو ان سے کہا جاتا ہے کہ ان کا ووٹ پڑگیا ہے۔ یاد رہے کہ راہل گاندھی کی قیادت میں حزب اختلاف کے انڈیا اتحاد نے مبینہ ووٹ چوری کے خلاف ملک گیر مہم چلا رکھی ہے۔