ہندوستان میں جشن آزادی قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے
ہندوستان کے صدر اور وزیر اعظم نریندر مودی نے قوم کو جشن آزادی کی مبارک باد پیش کی ہے۔
ہندوستان میں آج 15اگست کو یوم آزادی قومی جوش وجذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے اور کل رات سرکاری و غیر سرکاری عمارتوں پر چراغاں کیا گیا۔
یوم آزادی پر اپنے پیغام میں صدر رام ناتھ کووند نے کہا کہ یوم آزادی بھارت ماتا کی تمام اولادوں کے لئے نہایت مسرت کا دن ہے،خواہ وہ ملک میں ہوں یا بیرون ملک میں۔ آج کے دن ہم سب کو حب الوطنی کے جذبے کا اور بھی زیادہ احساس ہوتا ہے۔ اس موقع پر ہم اپنے ان بے شمار مجاہدین آزادی اور انقلابیوں کو ممنونیت کے ساتھ یاد کرتے ہیں جنہوں نے ہمیں آزادی دلانے کے لئے جدوجہد، بے لوث خدمت اور قربانی کی عظیم مثال پیش کی۔
یوم آزادی کے موقع پر رات 12 بجتے ہی جشن آزادی منانے کے لیے فیملیز اور منچلوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی، شہری گاڑیوں موٹر سائیکلوں اور رکشوں پر گھومنے لگے اور ہندوستان زندہ باد کے نعرے لگاتے رہے۔
سحرعالمی نیٹ ورک ہندوستان کے یوم آزادی کے موقع پراپنے تمام ہندوستانی سامعین اور ناظرین کو مبارکباد پیش کرتا ہے۔