کشمیر: یورپی پارلیمانی وفد کے دورے کے موقع پر5 افراد مارے گئے
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے کولگام میں یورپی پارلیمانی وفد کے دورے کے موقع پرنامعلوم حملہ آوروں نے 5مزدوروں کو ماردیا۔
سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ کولگام کے کاٹروسو علاقے میں نامعلوم مسلح افراد نے مزدوروں کے ایک گروپ پر گولیاں چلائیں جس میں چھ مزدوروں کو گولیاں لگیں اور انہیں فوری طور پر ہسپتال لے جایا گیا جہاں پانچ مزدورزخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے مسلح افراد اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب رہے۔
دوسری جانب کشمیر کے پلوامہ ضلع کے دربگام میں منگل کو مسلح افراد نے سکیورٹی فورسز کی گشتی ٹیم پر حملہ کیا۔ سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی کی وجہ سے دونوں جانب سے کچھ دیر تک گولی باری ہوتی رہی۔
ادھریورپی پارلیمان کے 28 رکنی وفد کے دو روزہ دورہ سری نگر کے پہلے دن وادی کشمیر میں منگل کے روز غیر معمولی ہڑتال رہی جس کے دوران معمولات زندگی بری طرح متاثر رہے۔ ہڑتال کے دوران درجنوں جگہوں پر پتھراو کے واقعات پیش آئے جس کے بعد سیکورٹی فورسز کی احتجاجیوں کے ساتھ جھڑپیں ہوئیں۔ کچھ علاقوں میں لوگوں کی طرف سے احتجاجی جلوس برآمد کئے گئے جن کے شرکاء کو سیکورٹی فورسز نے آنسو گیس کے گولوں کے استعمال سے منتشر کیا۔
مرکزی حکومت کی جانب سے 5 اگست کو کشمیرکو خصوصی حیثیت دینے والے آئین ہند کی دفعہ 370 اور دفعہ 35 اے کومنسوخ کئے جانے اور ریاست کو منقسم کرکے 2 یونین ٹریٹریزمیں تبدیل کرنے کےبعد یورپی پارلیمانی وفد کا یہ پہلا دورہ کشمیر ہے۔