Nov ۲۲, ۲۰۱۹ ۱۵:۱۶ Asia/Tehran
  • کانگریس کے اراکین نے انتخابی بانڈ کے خلاف مظاہرہ کیا

ہندوستان کی حزب اختلاف کانگریس پارٹی کے اراکین نے جمعے کو پارلیمنٹ کے احاطے میں، انتخابی بانڈ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔

ہندوستان کی سرکاری خبررساں ایجنسی یو این آئی کے مطابق کانگریس پارٹی کے اراکین نے جمعے کو پارلیمنٹ کے احاطے میں مہاتما گاندھی کے مجسمے کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرکے ، انتخابی بانڈ بند کئے جانے کا مطالبہ کیا۔

اس احتجاجی مظاہرے میں ہندوستانی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں ، لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے کانگریسی اراکین نے حصہ لیا۔کانگریس پارٹی کے اراکین پارلیمنٹ نے اپنے ہاتھوں میں ایسے پلے کارڈ اور تختیاں اٹھارکھی تھیں جن پر انتخابی بانڈ کے خلاف نعرے درج تھے۔

کانگریسی سیاستدانوں نے انتخابی بانڈ بند کرو کے نعرے لگائے۔مظاہرے میں شریک کانگریسی رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی انتخابی بانڈ کے غلط استعمال کے مسئلے میں پارلیمنٹ میں وضاحتی بیان دیں۔

کانگریس پارٹی کا کہنا ہے کہ انتخابی بانڈ کے ذریعے رشوت دی جارہی ہے ۔ کانگریس پارٹی کا یہ بھی کہنا ہے کہ انتخابی بانڈ کی شکل میں صرف حکمراں جماعت کو ہی انتخابی چندہ مل رہاہے۔

 

ٹیگس