ہندوستان میں کورونا کی وحشت، بیشتر ریاستوں میں عوامی کرفیو
پوری دنیا کی طرح ہندوستان میں بھی کورونا کی وحشت جاری ہے اور اتوار کو جنتا (عوامی) کرفیو کے تحت ملک کی بیشتر ریاستوں کی سڑکیں سنسان اور لوگ اپنے گھروں میں ہی بیٹھے رہے۔
ہندوستانی میڈیا کے مطابق ملک میں کورونا کیسز میں اضافے کے پیش نظر وزیر اعظم مودی کی اپیل پر اتوار کو پورے ملک میں جنتا کرفیو جاری ہے اور لوگ اپنے گھروں میں ہی ہیں جبکہ پورے ملک میں ٹرین سروس بند ہے جو اکتیس مارچ تک بند رہے گی -
ایک سو پچیس کروڑ والے ملک ہندوستان میں جنتا (عوامی) کرفیو کی اپیل پر لوگوں نے عمل کرتے ہوئے خود کو گھروں کے اندر ہی محدود رکھا -
اس درمیان ہندوستان میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد ساڑھے تین سو کے قریب پہنچ گئی ہے جبکہ اموات کی تعداد چھے ہے- ریاست بہار میں قطر سے آنے والے ایک اڑتیس سالہ جوان کی کورونا وائرس سے موت ہوگئی ہے -
ہندوستانی ریلوے نے اعلان کیا ہے کورونا وائرس کو کنٹرول کرنے کے لئے آئندہ اکتیس مارچ تک ساری ٹرینیں میٹرو اور بسیں بند کردی گئی ہیں- ہندوستان کی مرکزی حکومت نے سبھی ریاستی حکومتوں سے کہا ہے کہ وہ اکتیس مارچ تک سبھی پبلک مقامات کو بند کر دیں - اس درمیان ہندوستان کی مختلف ریاستوں نے آئندہ اکتیس مارچ تک پوری طرح سے ریاستوں کو بند کرنے کا اعلان کیا ہے -