Jun ۱۶, ۲۰۲۰ ۱۰:۳۴ Asia/Tehran
  • کشمیرمیں مزید 3 عسکریت پسند جاں بحق

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے جنوبی ضلع شوپیاں کے ترکہ وانگام میں آج منگل کی علی الصبح ہونے والے ایک مسلح تصادم میں 3 عسکریت پسند جاں بحق ہو گئے ہیں۔

ہندوستانی میڈیا کے مطابق جموں کشمیر پولیس کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ شوپیاں کے ترکہ وانگام میں منگل کی علی الصبح ہونے والے مسلح تصادم میں تین عسکریت پسند مارے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عسکریت پسندوں کی شناخت کی جارہی ہے جبکہ بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ مارے جانے والے عسکریت پسندوں کا تعلق حزب المجاہدین سے ہے۔

قبل ازیں 7، 8 اور 10 جون کو بالترتیب شوپیاں کے ربن، پنجورہ اور سگھو ہندہامہ نامی علاقوں میں 14 مقامی عسکریت پسند مارے گئے تھے۔

ضلع شوپیاں میں مزید تین عسکریت پسندوں کے جاں بحق ہونے کے ساتھ جموں وکشمیر میں رواں سال میں 72 عسکریت پسند جاں بحق ہو چکے ہیں۔

ضلع شوپیاں میں مسلح تصادم کے پیش نظر موبائل انٹرنیٹ خدمات بھی منقطع کر دی گئی ہیں۔ اسکے علاوہ ضلع کی تمام حساس جگہوں پر سیکورٹی فورسز کی اضافی نفری بھی تعینات کر دی گئی ہے۔

ٹیگس