Jul ۱۴, ۲۰۲۰ ۱۳:۳۴ Asia/Tehran
  • ہندوستان، کورونا میں مزید 29 ہزار مبتلا

ہندوستان کورونا متاثرین کے لحاظ سے ترتیب دی جانے والی فہرست کے مطابق دنیا میں بدستور تیسرے نمبر پر ہے۔

ہندوستانی میڈیا نے آج منگل کے روز صحت و خاندانی بہبود کی وزارت کی جانب سے جاری تازہ ترین اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 28498 نئے کیسز سامنے آئے جس سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 9 لاکھ 6 ہزار 752 ہو گئی ہے۔ اس درمیان 553 افراد کی موت بھی ہوئی جس کے بعد مجموعی طور پر مرنے والوں کی تعداد 23 ہزار 727 تک جا پہونچی ہے۔

کورونا وائرس کے تیزی سے بڑھتے ہوئے کیسز کے درمیان صحت یاب ہونے والوں کی تعداد میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہندوستان میں 17 ہزار 989 مریض شفایاب ہو چکے ہیں جس سے یہ تعداد بڑھ کر 5 لاکھ 71 ہزار 460 ہو گئی ہے۔

ایک رپورٹ کے مطابق ملک میں کورونا سے شفایاب ہونے والوں کی شرح اس وقت ترسٹھ فیصد کے قریب بتائی جاتی ہے۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ 32 لاکھ 40 ہزار427 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس موذی وائرس سے ہلاکتیں 5 لاکھ 75 ہزار 601 ہو گئیں ہیں۔

49 لاکھ 57 ہزار 636 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 59 ہزار 195 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 77 لاکھ 7 ہزار 190 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

ٹیگس