راجستھان میں سیاسی گھمسان جاری
ہندوستان کی ریاست راجستھان میں سیاسی گھمسان کے دوران اسمبلی اسپیکر نے سپریم کورٹ سے اپنی عرضی واپس لے لی ہے جبکہ گورنرکے رویّے پر وزیر اعلی اشوک گہلوت نے وزیر اعظم نریندر مودی سے فون پر بات کی ہے۔
راجستھان اسمبلی کے اسپیکر سی پی جوشی نے ہائی کورٹ کے عبوری فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں دائر اپنی درخواست کو واپس لے لیا ہے-
ریاستی اسمبلی کے اسپیکر کی جانب سے سینیئر وکیل کپل سبّل نے سپریم کورٹ کی بینچ کے سامنے دلیل دی کہ ہائی کورٹ کے گزشتہ جمعے کے حکم کے بعد پہلے حکم کے خلاف عرضی جاری رکھنے کا کوئی مطلب نہیں رہ جاتا اس لئے اسے واپس لیا جاتا ہے-
اس درمیان راجستھان کے گورنر کے ذریعے اکتیس جولائی سے اسمبلی کا سیشن بلانے کی ریاستی حکومت کی درخواست کو واپس کر دئے جانے کے بعد وزیر اعلی اشوک گہلوت نے وزیر اعظم نریندر مودی سے ٹیلی فون پر بات کی ہے-
اشوک گہلوت کا کہنا ہے کہ انہوں نے گورنر کے رویّے پر وزیر اعظم سے بات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے سات روز پہلے جو گورنر کو خط لکھا تھا اس پر بھی بات کی-
واضح رہے کہ پیر کو ریاست راجستھان کے گورنر نے ریاستی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی حکومتی درخواست واپس لوٹا دی- گورنر اس سے پہلے بھی ایسی ہی درخواست کو مسترد کر چکے ہیں-
راجستھان میں ریاستی حکومت کے خلاف نائب وزیر اعلی سچن پائلٹ اور ان کے حامی انیس ممبران اسمبلی کے اعلانِ بغاوت کے بعد ریاست میں سیاسی بحران جاری ہے- سچن پائلٹ کو کانگریس نے نائب وزیر اعلی اور پارٹی کے ریاستی صدر کے عہدے سے برطرف کر دیا ہے۔
دنیا بالخصوص عالم اسلام اور علاقے کی اہم خبروں کے لیے ہمارا واٹس ایپ گروپ جوائن کیجئے!
Whatsapp invitation link