القاعدہ کے 9 دہشت گرد گرفتار، ہندوستان کا دعوا
ہندوستان کی ریاست کیرالہ اور بنگال میں این آئی اے نے ایک کارروائی کرتے ہوئے القاعدہ کا رکن ہونے کے الزام میں نو افراد کو گرفتار کیا ہے۔
ہندوستانی میڈیا کے مطابق قومی جانچ ایجنسی نے آج ہفتے کی صبح ایک کارروائی کرتے ہوئے کیرالہ کے ارناکلم سے 3 اور مغربی بنگال کے مرشدآباد سے 6 مشتبہ دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کا دعوا کیا ہے۔
رپورٹوں میں دعوا کیا گیا ہے کہ یہ سبھی ملک میں کوئی بڑا دہشت گردانہ حملہ کرنے کا منصوبہ تیار کر رہے تھے۔ این آئی اے نے جن افراد کو گرفتار کیا ہے ان میں سے زیادہ تر کی عمر 20 سال کے آس پاس بتائی جا رہی ہے۔
این آئی اے کا دعوی ہے کہ القاعدہ ہندوستان میں کسی بڑی سازش کو انجام دینے کی فکرمیں تھا اور تحقیقات کے بعد پتہ چلا کہ کچھ دہشت گرد کیرالہ اور مغربی بنگال میں چھپے ہوئے ہیں اور وہیں سے اس سازش کو انجام دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اس رپورٹ کے بعد آج صبح این آئی اے نے کرناکلم، کیرالہ اور مرشدآباد، مغربی بنگال میں کئی مقامات پر ایک ساتھ چھاپے مارے اور نو افراد کو گرفتار کر کے دعوا کیا کہ ان کا تعلق القاعدہ سے ہے۔
خیال رہے کہ اب تک ہندوستان میں کئی واقعات ایسے رونما ہو چکے ہیں جن میں مسلمان نوجوانوں کو نشانہ بنا کر یہ دعوا کیا گیا کہ ان کا تعلق دہشتگرد تنظیموں سے رہا ہے۔ ہندوستان کی مسلم برادری میں پولیس اور انٹیلیجینس کی جانب سے مسلمانوں کو مختلف بہانوں سے نشانہ بنانے کے حوالے سے خاصی تشویش اور بے اعتمادی پائی جاتی ہے۔